لکھنؤ(نامہ نگار)بخشی کا تالاب علاقہ میں دکان بند کرکے گھر جارہے ایک زیورات تاجر سے اس کے گھر کے نزدیک ہی اسلحہ سے لیس بدمعاش ہزاروں روپئے نقد اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ بخشی کا تالاب قصبے کے رہنے والے سنجے سونی کی گھر سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر زیورات کی دکان ہے بتایاجاتا ہے کہ اتوار کی رات تقریباً آٹھ بجے سنجے اپنی دکان بند کرکے اسکوٹی سے بھتیجے آزاد کے ساتھ گھر واپس آرہا تھا سنجے کے پاس ایک بیگ تھا جس میں نقد رقم اور زیورات تھے ۔سنجے جیسے ہی اپنے گھر کے نزدیک گلی میں پہنچے موٹرسائیکل سوار تین بدمعاشوں نے اس کی اسکوٹی پر لات ماردی جس سے سنجے اور ان کا بھتیجا گر پڑے بدمعاشوں نے سنجے سے بیگ چھیننے کی کوشش کی مخالفت کرنے پر ایک بدمعاش نے ان کے ہاتھ سے بیگ چھینا اور پھر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر بخشی کا تالاب پولیس اور سی او بھی پہنچ گئے ۔ پولیس نے بدمعاشوںکی گرفتاری کے لئے جانچ بھی کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی ۔پولیس نے سنجے کی تحریر پر لوٹ کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زیورات تاجر کے بیگ میں ستر ہزار روپئے نقد اورچار لاکھ کے زیورات تھے۔