لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومت بدعنوانی میں ملوث لوگوں کو تحفظ دے رہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ سابقہ بی ایس پی حکومت کے وزراء اور ایس پی کے کئی وزراء کے خلاف لوک آیکت نے بدعنوانی میں ملوث ہونے کی رپورٹ دی ہے ساتھ ہی کارورائی کی سفارش کی ہے لیکن ریاستی حکومت نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سماج وادی حکومت بدعنوانی میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی نہ کر کے انہیں تحفظ دے رہی ہے۔ پارٹی ترجمان ڈاکٹر ہلال احمد نقوی نے نوئیڈا ترقیاتی اتھارٹی کے چیف انجینئر یادو سنگھ کے معاملہ کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یادو سنگھ کے معاملہ میں حکومت نے اب تک انسداد بدعنوانی کے تحت معاملہ تک درج نہیں کرایا اس کی شکایت مرکز کی جانب سے تشکیل خصوصی جانچ ٹیم نے ہائی کورٹ
میں کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتیںیادو سنگھ کو بچانے میں مصروف ہیں اسی وجہ سے یادو سنگھ کے خلاف مرکزی جانچ ایجنسیاں کارروائی سے گریز کر رہی ہیں۔ پارٹی نے سابق بی ایس پی حکومت کے کابینی وزیر نسیم الدین صدیقی سمیت دیگر وزراء کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور سماج وادی حکومت کے وزیر کانکنی و دیگر وزراء کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔