لکھنؤ(نامہ نگار)قیصر باغ علاقہ میں کل رات موٹر سائیکل سوار دو بدمعاش ایک پرائیوٹ کمپنی خاتون ملازم سے اس کا پرس چھین لے گئے ۔ لڑکی نے لٹیروں کا پیچھا بھی کیا لیکن وہ ہاتھ نہیں آئے اس معاملہ میں چوکی چائنا بازار کے پولیس اہل کاروں نے لڑکی سے لوٹ کی جگہ پرس گرنے کی تحریر لے کر معاملہ کو رفع دفع کر دیا ۔قیصر باغ محمودآباد ہاؤس
میں رہنے والی صبا بانو حضرت گنج واقع ایک پرائیوٹ کمپنی میں ملازم ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی شب صبا رکشہ سے گھر واپس لوٹ رہی تھی راستہ میں قیصر باغ کے جم خانہ کلب کے نزدیک موٹر سائیکل سوار دو بدمعاش صباکے ہاتھ سے پرس لوٹ لے گئے ۔ پرس میں دو ہزار روپئے نقد ، موبائل فون و اے ٹی ایم کارڈ رکھا تھا ۔ واردات کے بعد صبا نے بدمعاشوں کا پیچھا بھی کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ہاتھ نہیں آئے ۔ اس کے بعد صبا چائنا بازار چوکی پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے صبا سے پرس گرنے کی تحریر لے کر معاملہ کو رفع دفع کردیا ۔اس بات کی اطلاع جب ایس پی مغرب اجے کمار کو ہوئی تو انہوںنے چوکی انچارج چائنا بازار کو انتباہ دیا اور اس معاملہ میں لوٹ کی رپورٹ درج کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔