گورکھپور۔کپڑے کے کاروباری کو گولی مارنے والے بدمعاشوں نے زیر تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ بدمعاشوں نے مطالبہ پورا نہ ہونے پر انجام بھگتنے کا انتباہ دیا۔ متاثرہ کاروباری نے حادثہ کی اطلاع ایس ٹی ایف کے علاوہ مقامی پولیس کو بھی دی۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کرائم برانچ اور ایس ٹی ایف کی ٹیم کاروباری کو دھمکی دینے والے بدمعاشوں کو تلاش کر رہی ہے لیکن ابھی تک پولیس کو کامیابی نہیں ملی ہے۔ واضح رہے کہ نظام پور علاقہ کے شکیل احمد کی بختیار محلہ میں کپڑے کی دکان ہے۔ ۲۰؍نومبر کو شکیل اپنی دکان کے برآمدے میں کھڑے ہوئے تھے۔ اسی دوران نامعلوم بدمعاشوںنے شکیل کے پیر میں گولی مار دی۔ اسی دن بیرونی ملک سے شکیل کو فون موصول ہوا۔ فون کرنے والے نے اپنا نام رانا شیٹی بتایا اور ایک ہفتہ کے درمیان دو کروڑ روپئے کا بندوبست کرنے کیلئے کہا۔ شکیل نے بتایا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے پر اسے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔
اس واقعہ کی اطلاع شکیل نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو دی۔ آئی جی کی ہدایت پر کرائم برانچ کی ٹیم کے علاوہ ایس ٹی ایف کو بھی یہ معاملہ سپرد کر دیاگیا۔اس کے باوجود کاروباری کو مسلسل دھمکی ملتی رہی۔ گزشتہ ماہ میں بھی شکیل کو فون کے ذریعہ دھمکی دی گئی تھی۔ اس مرتبہ شکیل نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے شکایت کرتے ہوئے
بدمعاشوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔