لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ راجدھانی کے دیہی علاقہ میں ایک بار پھر بدمعاشوں نے لوٹ کی واردات کو انجام دے کرپولیس کو کھلا چیلنج دیا ہے۔اس مرتبہ بدمعاشوں نے بخشی تالاب علاقہ میں ایک صراف سے لوٹ مار کی اور بھاگ نکلے۔ پولیس پہلے
تو لوٹ کی اس واردات کو ٹپے بازی بتانے میں لگی رہی لیکن بعد میں پولیس نے لوٹ کی رپورٹ درج کر لی۔
بخشی تالاب کے موریہ نگر کے رہنے والے راہل کی بخشی تالاب میں صراف کی دکان ہے۔ جمعرات کی شب روزانہ کی طرح راہل اپنی دکان بند کرکے واپس کار سے گھر لوٹ رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ راستے میں راہل پیشاب کرنے کیلئے کار سے اترا۔ اس درمیان اس کو موٹر سائیکل سوار بدمعاشوںنے گھیر لیا۔ راہل موٹر سائیکل سوار بدمعاشوںکو دیکھ کر کچھ سمجھ پاتا کہ بدمعاشوں نے اس پر اسلحہ تان دیا۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے کار میں رکھے زیورات لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔ بدمعاشوںکے بھاگتے ہی راہل نے شورمچا دیا اور اطلاع پولیس کو دی۔
لوٹ کی اطلاع پاکر موقع پر بخشی تالاب پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے پہلے تو لوٹ کی اس واردات کو ٹپے بازی ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں بخشی تالاب پولیس نے اس معاملہ میں لوٹ کی رپورٹ درج کر لی۔ صراف راہل کے بیگ میں رکھے زیورات کی قیمت فی الحال پولیس کو نہیں معلوم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ درج کر کے بدمعاشوں کو تلاش کیا جا رہاہے۔