مظفر نگر(نامہ نگار)۔بے خوف بدمعاشوںنے بجلی محکمہ کے دس لاکھ روپئے لوٹنے کے بعد محکمہ کے ایک ملازم کوگولی ماردی ۔نقاب پوش بدمعاش موٹر سائیکل پرسوارہوکرآئے تھے ۔بدمعاشوںنے موٹر سائیکل سواربجلی ملازم کو روکااوراسلحہ دکھاکر روپے سے بھراہوا بیگ چھین لیا۔
بیگ میں تقریبا دس لاکھ روپئے کی رقم تھی۔ مذکورہ رقم ملازم گائوں کے شوروم سے بجلی کے بلوں کوجمع کرکے محکمہ میں جمع کرنے کیلئے جارہے تھے لیکن راستے میں ہی بدمعاشوںنے رقم کو لوٹ لیا۔جب ملازم نے مخالفت کی توایک بدمعاش نے اسے گولی ماردی۔ زخمی ملازم کو ضلع اسپتال بھیج دیاگیا۔
موصولہ خبر کے مطابق شاہ پوربجلی گھر پرتعینات دیوآنند باشندہ ملی پور گاگھالیہڑی ،انکت باشندہ گڑھی بہادرپور بجلی محکمہ کے کیمپ میں بجلی کے بلوں کی رقم جمع کرنے کیلئے جارہے تھے ۔ شام کو بجلی گھرکے دونوں ملازم دیوآنند اورانکت بیگ میں رقم رکھ کر جمع کرنے کیلئے شاہ پور روانہ ہوگئے۔جیسے ہی وہ شورم گیٹ کے قریب پہنچے اچانک پیچھے سے موٹر سائیکل پرسوار تین بدمعاشوں نے ان کی موٹر سائیکل پرٹکر ماردی ۔جس سے دونوںملازمین زمین پرگرگئے ایک ملازم کے کاندھے پرروپے سے بھراہوا بیگ تھا۔ جس کوبدمعاش نے لوٹنے کی کوشش کی ۔
دیوآنند نے اس کی مخالفت کی اسی دوران انکت نے بھاگنے کی کوشش کی توایک بدمعاش نے اس پرگولی چلادی۔ گولی انکت کے پیرمیں لگ گئی اسی دوران تینوںبدمعاش روپئے سے بھراہوابیگ لوٹ کرفرار ہوگئے۔ لوٹ کی اطلاع ملنے کے بعد شاہ پورپولیس کے ساتھ سی اوایس پی شرما بھی جائے واردات پرپہنچے۔
انھوںنے ملازمین سے بدمعاشوںکاحلیہ معلوم کیا۔ پولیس نے نامعلوم بدمعاشوںکے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
جبکہ زخمی دیوآنند کوعلاج کے لئے اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔بجلی ملازم انکت نے پولیس کوبتایا کہ جب وہ شاہ پورکے لئے روانہ ہورہے تھے انھیں محسوس ہوگیا تھاکہ کچھ لوگ ان کاپیچھا کررہے ہیں۔ جیسے ہی شورم گیٹ کے قریب بدمعاشوں کو سنسان علاقہ دکھائی دیاانھوںنے واردات کوانجام دے دیا۔ واردات کے بعد سی اوبرہاناایس پی شرما نے بجلی محکمہ کے افسران کوتحفظ کے پیش نظر ان کی سرزنش کی تووہاں موجود بجلی ملازمین مشتعل ہوگئے۔انھوںنے کہا کہ وہ رقم کی حفاظت کے لئے کئی مرتبہ تھانے گئے لین انھیں وسائل کی کمی ہونے کی بات کہہ کربھگادیاجاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی بدمعاشوںنے پونے تین لاکھ روپئے کی لوٹ کی وردات کوانجام دیاتھا۔ لیکن ابھی تک اس معاملے میں پولیس کو کوئی سراغ نہیں ملا ۔بدمعاشوںنے بگھرا کے مویشی تاجر کو کھتولی موڑ پرلوٹ لیاتھا۔مذکورہ واردات کابھی مقدمہ درج کرادیا گیاتھا لیکن پولیس مجرمین کو گرفتارکرنے میں ناکام ہو گئی۔ایک ہفتہ کے بعد بدمعاشوں نے دوسری بڑی واردات کوانجام دے کرپولیس کوچیلنج دیا۔