لاس اینجلس:”دا ریونینٹ” نے برطانوی فلمی ایوارڈز ‘بیفٹا کی تقریب میں بہترین فلم سمیت اہم ایوارڈز جیت لیے ہیں۔ اسی فلم کے لیے اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو بہترین اداکار اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والے الیہاندرو کی اناریتو کو بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
الیہاندرو نے اس کامیابی کو ‘جذبات سے مغلوب’ کر دینے والا کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ڈی کیپریو کی صلاحیت اور فلم سے ان کی والہانہ وابستگی نے اس پرخطر منصوبے کو زندہ رکھا۔ اس موقع پر ڈی کیپریو نے کہا کہ وہ اس اعزاز کے لیے ممنون و شکر گزار ہیں۔ انھوں نے اپنے کریئر پر برطانوی اداکاروں کے اثرات کا اعتراف کیا۔ فلم ”روم’ ‘میں اداکاری کے لیے برائی لارسن کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ان کا ایوارڈ ڈائرکٹر لینی ابراہمسن نے قبول کرتے ہوئے انھیں اپنی نسل کی بہترین اداکاراؤں میں شمار کیا۔ معاون کردار میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ کیٹ ونسلٹ کو دیا گیا۔ انھوں نے اپنا ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے اپنی مد مقابل اداکاراؤں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ سال خواتین کے لیے غیر معمولی تھا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ برطانیہ کے مارک رائلانس کو ‘برج آف سپائز’ میں روسی جاسوس کا کردار ادا کرنے کے لیے ملا۔ کشفی یا الہامی ایکشن فلم ”میڈ میکس: فیوری روڈ’ ‘کو چار ایوارڈز ملے جن میں میک اپ اور ہیئر، تدوین، لباس اور پروڈکشن ڈیزائن کے ایوارڈ شامل ہیں۔ بہترین برطانوی فلم کا ایوارڈ تاریخی ڈرامہ ‘بروکلین’ کو دیا گیا۔ اس فلم کے ہدایتکار جان کراولی نے کہا کہ اس فلم کی خاص بات اجنبیوں کی مہربانیاں ہیں۔
سٹار وار فلم کے اداکار جان بوئگا کو رائزنگ سٹار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ واحد ایوارڈ تھا جسے عوام کے ووٹ پر طے کیا گیا تھا۔ انھوں نے اپنی کامیابی کو ایک اتفاق قرار دیا۔ بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس کے بارے میں بنائی گئی فلم ‘ایمی’ کو ملا۔ اس کے ڈائریکٹر آصف کپاڈیا نے کہا کہ وہ گلوکارہ ایمی کو اس طرح دکھانا چاہتے تھے کہ سب کچھ قابو سے باہر ہونے سے قبل وہ کس قدر زیرک اور پرمزاح تھیں۔ بہترین سینیمیٹوگرافی کا ایوارڈ بھی ‘دا ریونینٹ’ کو ملا جو کہ ایمینوئل لوبزکی کا چوتھا بیفٹا ایوارڈ ہے۔ میکسیکو کے سینیمیٹوگرافر گذشتہ تین سال سے یہ ایوارڈ جیت رہے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں آسکرز میں بھی وہ کامیاب رہیں گے۔