نئی دہلی:وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ہندوستان برطانیہ کے یوروپی یونین چھوڑنے کی صورت حال سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔مسٹر جیٹلی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا،”جہاں تک ہندوستانی معیشت کا سوال ہے ،ہم برطانیہ کے یوروپی یونین چھوڑنے کے فوری اور درمیانی مدت کی اثرات سے نپٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ہم اپنی وسیع معیشت کے فریم ورک کے سلسلے میں پوری طرح پر عزم ہیں جس کا مقصد استحکام برقرار رکھنا ہے ۔ہماری وسیع معیشت کی بنیاد مضبوط ہے ۔مالی نظم و ضبط اور افراط زر کم کرنے کے سلسلے میں ہمارا پختہ عہد ہے ۔خاطرخواہ غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کے طور پر ہماری فوری اور وسط مدتی حفاظتی ڈھال بھی مضبوط ہیں۔”
برطانیہ کے یوروپی یونین چھوڑنے پر بدھ کو ہوئے ریفرینڈم کے بعد 90فیصد کے زیادہ ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے اور اس میں یوروپی یونین چھوڑنے کے حق میں رائے بن چکی ہے ۔مسٹر جیٹلی نے کہا ”ہم ریفرینڈم کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ساتھ ہی ہمیں آنے والے وقت اور درمیانی مدت میں ا س کی اہمیت کا بھی اندازہ ہے ۔میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ آج کی گلوبل دنیا میں اتھل پتھل اور عدم استحکام ہی دو اصول ہیں ۔عوام کے اس فیصلے سے اتھل پتھل مزید بڑھے گی کیونکہ برطانیہ ،یوروپ اور پوری دنیا پر اس کا مکمل اثر کیسا ہوگا یہ ابھی غیر یقینی ہے ۔سبھی ملکوں کو عوام کے فیصلے کے درمیانی مدت میں پڑنے والے اثرات کے تئیں محتاط رہنا ہوگا اور اس کے برے اثرات کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا بھر کے سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کی جگہ کی تلاش میں ہیں،مستحکم اور ترقی کے پیمانے پر ہندوستان سب سے بہتر مقام ہے ۔ہندوستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔اچھے مانسون کے امکان سے ہماری ترقی کی شرح اور افراط زرمیں بہتری جاری ہے ۔حکومت اور ریزرو بینک پوری طرح تیار ہے اور فوری اتھل پتھل سے نپٹنے کے لئے مل کر کام کر رہا ہے ۔ہمارا ہدف معیشت پر اس کے برے اثرات کو کم کرنا ہے ۔