لکھنو:گزشتہ پانچ برسوں سے کانشی رام اسکیم کی رہائش گاہ پانے کی امید پوری نہ ہونے سے ناراض متاثرین نے جمعرات کو لکشمن میلہ میدان پر دھرنا دیا۔ بریلی سے آئے متاثرین کا کہنا ہے کہ ان پانچ برسوں میںتقریباً ۱۵ مرتبہ بھوک ہڑتا ل کے باوجود کوئی سنوائی نہیں ہوئی ۔ دوپہر بعد سبھی نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب عرضداشت ضلع انتظامیہ کے افسر کو سونپ کر مظاہرہ ختم کیا۔ بریلی کے رام گنگا نگر کالونی باشندہ سنیل ، راکیش ، ومل ، آکاش سمیت تقریباً ایک درجن لوگ بدھ کو راجدھانی پہنچے یہ سبھی وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ جا رہے تھے لیکن پولیس نے انہیں لکشمن میلہ میدان بھیج دیا۔ متاثرین نے بتایاکہ وہ پانچ برس سے کانشی رام اسکیم کے تحت رہائش گاہ پانے کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔