بریلی: اتر پردیش میں بریلی شہر کے وسطی قلعہ علاقے میں آج صبح سویرے گھر میں آگ لگ جانے سے ایک ہی کنبہ کی چار سگی بہنوں اور ان کے یہاں آئے دو بھائی بہن کی جھلس کر موت ہو گئی۔ذرائع نے یہاں بتایا کہ قلعہ علاقے کے چھاؤنی علاقے میں کالی دھام مندر کے نزدیک راجو کشیپ کے گھر میں آگ لگی دیکھ کر محلے کے لوگوں نے فوراََ فائر بریگیڈ کو فون کیا اور پڑوسیوں نے دروازہ توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی اسی وقت اچانک کھپریل سے بنے گھر کی چھت گر گئی۔ اس درمیان بریلی کے فائر بریگیڈ کے افسر رادھے شیام یادو کی قیادت میں ان کی ٹیم نے آگ بجھائی اور آگ میں جھلسے لوگوں کو اندر سے باہر نکالا گیا۔فائر بریگیڈ کے افسر مسٹر یادو نے بتایا کے گھر کے اندر سے چھ لاشیں نکالی گئیں جن میں مسٹر کشیپ کی بیٹی سلونی (17)، سنجنا (15)، بھوری (10) اور درگا (08) کے علاوہ کماری مہیما( 9) اور دیبو( 7) جو سگے بھائی بہن ہیں اور راجو کشیپ کے بھانجی اور بھانجہ ہیں۔ دونوں بچے اپنے چاچاکے یہاں آئے ہوئے تھے ۔
فائر بریگیڈ کے افسر مسٹر یادنے بتایا کہ راجو کشیپ اپنی بیوی رانی کے ساتھ رشتہ دار کی شادی میں شامل ہونے پیلی بھیت گیا ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ آج صبح تین بجے راجو کشیپ کا بیٹا 22 سالہ بیٹا سنگم برف کی فیکٹری میں ڈیوٹی پر جانے کے لیے موم بتی جلا کر تیار ہوا تھا. ڈیوٹی پر جانے سے پہلے اس نے بہن سلونی کو جگا کر کہا کہ وہ ڈیوٹی پر جا رہا ہے . اندر سے کنڈی بند کر کے موم بتی بجھا کر سو جانا. نیند میں ہونے کی وجہ سلونی کنڈی لگا کر سو گئی لیکن موم بتی نہیں بجھائی جس سے گھر میں آگ لگ گئی۔اطلاع ملنے پر افسران موقع پر پہنچے ۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔