بریلی، 3 دسمبر (یو این آئی) اترپردیش کے بریلی ڈویژن کے چار اضلاع میں ان دنوں مینتھا جاپانی پودینہ اگانے کا رواج بڑھ گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس ڈویژن کے چاروں اضاع بریل، پیلی بھیت، بدایوں اور شاہجہاں پور میں مینتھا پیپریٹا کی پیداوار پہلے سے ہی کی جارہی تھی لیکن کسانوں کا رجحان جاپانی پودینے کی طرف بڑھنے کے بعد علاقے کے کسانوں کی معاشی حالت پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔مینتھا پیپریٹا کی قسم کو مزید بہتر کرکے جاپانی زرعی سائنس دانوں نے مینتھا آروینیس نامی ایک قسم تیار کی ہے جو جاپانی پودینے کے نام سے انتہائی مقبول ہے۔
ذرائع کے مطابق بریلی ڈویژن میں چند برس قبل منصوبہ بند طریقے سے جب پودینے کی مختلف اقسام کی کاشت کو فروغ دینے کی شروعات کی گئی تو پتہ چلا کہ کسانوں کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ اس سے زیادہ منافع بھی ہوسکتا ہے۔پودینے کی تمام قسموں کے تجارتی اور طبی استعمال کی وجہ سے اس کی پیداوار کی قیمت بھی اچھی ملتی ہے۔ شیوالک۔ 88 جاپانی پودینے کی ہندوستان میں تیار اچھی قسم ہے۔ یہ قسم بدلتے موسم میں بھی اچھی فصل دیتی ہے اور اس پر بیماریوں کا اثر کم ہی ہوتا ہے۔بریلی ڈویژن میں چند برس قبل تجرباتی طور پر 3000 ہیکٹر زمین میں شیوالک 88 پودینے کی فصل لگائی گئی تھی۔ پودینے کی فصل کسی بھی قسم کی ہو اسے اس کی فصل کیلئے مواقف زمینوں میں ہی لگایا جانا فائدہ مند ہوتا ہے۔