نئی دہلی :آل انڈیا بریڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے صحت کے لئے نقصان دہ پوٹاشیم برومیٹ کا بریڈ بنانے میں استعمال نہیں کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
ایسوسی ایشن کے صدر این ایل مہتہ نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسوسی ایشن کے رکن اب بریڈ بنانے میں پوٹاشیم برومیٹ کا استعمال نہیں کریں گے ۔ خیال ر ہے کہ سینٹر فار سائنس اینڈ اینوائرنمینٹ (سی ایس ای) نے پیر کو ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ مختلف برانڈوں کی بریڈ میں پوٹاشیم برومیٹ پایا گیا جس کے استعمال سے کینسر ہونے کا خطرہ رہتا ہے .
رپورٹ کے مطابق کئی ممالک میں یہ کیمیکل صحت کے لئے نقصان دہ فہرست میں شامل ہے اور بریڈ بنانے میں اس کا استعمال کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ہندوستان میں اس پر پابندی نہیں ہے ۔
CSE کے کا کہنا ہے کہ اس نے دہلی میں برانڈڈ بریڈ کے 38 نمونوں کی جانچ کی۔ ان میں پاو اور بن، مقبول فاسٹ فوڈ آوٹ لیٹوں کے کھانے کے لئے تیار برگر بریڈ اور پیزا بریڈ بھی شامل ہیں. ان 84 فیصد نمونوں میں پوٹاشیم برومیٹ یا پوٹاشیم آیوڈیٹ پایا گیا. کچھ نمونوں کی جانچ پڑتال باہری لیبارٹریوں میں بھی کرائی گئی، جہاں ان میں ان کیمیکلز کی موجودگی کی تصدیق ہوئی. پوٹاشیم آیوڈیٹ بھی صحت کے لئے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے اور کئی ممالک میں اس پر بھی پابندی ہے ۔