لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بزرگ خاتون کو اینٹ سے مار کر فرار چل رہے ملزم کو چنہٹ پولیس نے بدھ کو نوبستہ روڈ منوج پانڈے گیس ایجنسی کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ پانچ دنوں سے فرار چل رہا تھا۔ زخمی خاتون کے بیٹے کی تحریر پر معاملہ درج کیا گیا تھا۔ واضح ہو کہ چنہٹ کے نوبستہ کلاں کے رہنے والے شمشیر علی ولد حسین علی نے گزشتہ دس جنوری کو وہیں کے رہنے والے مینو کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ شمشیر نے پولیس کو مینو کے خلاف تحریر دیتے ہوئے کہا تھا کہ ۹؍جنوری کی دوپہر کو مینو اس کے گھر پر گالی گلوج کرنے لگا۔اس
وقت شمشیر گھر پر موجود نہیں تھا۔ مینو کی آواز سن کر جب شمشیر کی والدہ باہر نکلی تو مینو نے ان سے پوچھا کہ شمشیر کہاں ہے۔ والدہ نے کہا کہ وہ گھر پرنہیں ہے۔ بس مینو نے اینٹ اٹھائی اور شمشیر کی والدہ کے سر پر حملہ کر دیا اور دھکا دے کر انہیں گراکر فرار ہو گیا تھا۔ بزرگ خاتون کو زمین پر پڑا دیکھ کر پڑوسیوں نے زخمی خاتون کو رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کراتے ہوئے اطلاع شمشیر کو دی۔ رام منوہر لوہیا میں جب ڈاکٹروں نے شمشیر کی والدہ کی حالت نازک دیکھی توانہیں ٹراما سینٹر میں منتقل کر دیا۔ بدھ کی صبح پولیس نے مینو کو منوج پانڈے گیس ایجنسی کے پاس سے گرفتار کر لیا۔