بستی:اترپردیش میں ہو رہی بارش کی وجہ سے بستی ضلع میں گھاگھرا ندی کی آبی سطح بڑھنے سے ھریاں اور بستی تحصیل کے 150 سے زیادہ گاؤں سیلاب سے متاثر ہو گئے ہیں۔
گھاگھرا ندی میں سیلاب سے 40 ہزار سے زیادہ کی آبادی متاثر ہے ۔ 15 گاؤں دریا کے پانی سے چاروں طرف سے گھر گئے ہیں۔ اس سے 43 لاکھ ہیکٹر کا رقبہ زیر آب آ گیا ہے ۔ کھیتوں میں پانی بھر گیا ہے ۔ کسانوں کی فصلیں برباد ہو رہی ہیں۔ مویشیوں کے لئے چارے کا بحران پیدا ہو رہا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گھاگھرا ندی کی آبی سطح میں کمی آرہی ہے ، لیکن خطرے کے نشان سے ابھی بھی 18 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے ۔ دریا خطرے کے نشان 92.730 سے اوپر 92.910 پر بہہ رہا ہے ۔ دریا کی پانی کی سطح میں کمی کے ساتھ ہی کٹاؤ تیز ہو گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گھاگھرا ندی گوریانین گاؤں کے پاس باندھ سے با لکل قریب سے بہہ رہی ہے ۔ اس سے گاؤں والوں میں خوف ہے ۔ لوگوں کی مدد کے لئے 30 کشتیوں کو لگایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ آٹھ ریلیف کیمپ کھولے گئے ہیں۔ لوگ پشتوں پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔
اتر پردیش حکومت کے مویشی، پنچایتی راج اور چھوٹی آبپاشی کے وزیر راج کشور سنگھ نے سیلاب کو روکنے کے لئے کئے گئے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد چیف سکریٹری آبپاشی کو ضلع میں سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کے لئے پانچ کروڑ روپے فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
مسٹر سنگھ نے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو شہریوں کو تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشتوں کو بچانے اور شہریوں کی امداد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔