ڈھاکہ، 29 نومبر ؛بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں آج اپوزیشن پارٹی کے ایک حامی نے مسافروں سے بھری ایک بس پر پٹرول بم پھینکا جس میں 17 افراد جھلس گئے جبکہ ایک بچے کی موت ہوگئی۔پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ بس میں آگ لگتے ہی لوگ خود کو بچانے کے لئے بس کی کھڑکیوں سے کودنے لگے ۔ پولیس نے بتایا کہ کچھ ہی دیر بعد یہ بس بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی۔زخمیوں کو اسپتال پہنچانے والے ایک رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ منظر اتنا خوفناک تھا کہ اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ اس نے بتایا کہ زندہ جلتے ہوئے لوگوں کو وہ اسپتال لے گیا۔ڈپٹی پولیس کمشنر شبلی نعمان نے بتایا کہ بس ڈرائیور سمیت کم از کم 17 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔