کانپور (نامہ نگار )فضل گنج وکاس نگر ڈپو سے چلنے والی سٹی بسوں کے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ تنخواہ نہ ملنے سے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹروں نے سڑک پر جام لگاکر ہڑتال کی۔ تنخواہ نہ ملنے سے مشتعل بس ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں نے کہا کہ جب تک انہیں گزشتہ اکتوبر سے جنوری تک تنخواہ نہیں دی جاتی اس وقت تک وہ کام نہیں کریں گے۔ سٹی بسوں میں فضل گنج ووکاس نگر ڈپوسے بسیں نہ چلنے کی وجہ سے شہر کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مال روڈ سمیت کچھ راستوں پر ٹیمپو بھی نہیں چلے جس کی وجہ سے مسافر بھٹکتے رہے۔ بسوں کے نہ چلنے سے رکشہ چلانے والوں کو کافی فائدہ ہوا۔ ٹیمپو ممنوعہ سڑکوں پر ٹیمپو والوں نے خوب کمائی کی۔ رکشہ چلانے والوں نے سواریوں سے ضرورت سے زیادہ کرایہ وصول کئے۔