ہم جانتے ہیں بغلوں کی سیاہی ایک عام مسئلہ ہے جس کے باعث بیشتر لڑکیا ں اور خواتین بغیر آستین کی قمیض اور بلاﺅز کا استعمال ہر گز نہیں کر سکتیں۔آپ کے اس مسئلے کے حل کے لئے ماہر میک اپ آرٹسٹ کانیکا گورو ٹنڈن کی طرف سے چند آسان طریقے حاضر خدمت ہیں۔مس ٹنڈن کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کا بہترین حل زعفران سے بڑھ کر کوئی نہیں کیونکہ اس میں قدرتی طور پر جلد کو گورا کرنے کی خصوصیت پائی جاتی ہے۔
انکا کہنا ہے کہ ایک چٹکی زعفران کو دو چمچے کسی بھی برانڈ کے مائلڈ لوشن میں اچھی طرح ملا کر بغلوں میں لگائیں۔اس سے نہ صرف آپکی بغلوں کی سیاہی دور ہوگی بلکہ بغلوں کی بد بو سے بھی چھٹکارہ حاصل ہو گا۔انکے مطابق دوسری اہم چیز سیب ہے انکا کہنا ہے کہ اگر آپ کچلا ہوا سیب روزانہ اپنی بغلوں میں لگائیں تو اس سے انکی رنگت میں نکھار پیدا ہوگا۔علاوہ ازیں اس مقصد کے لئے مالٹے کے چھلکے بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں آپ چند مالٹوں کے چھلکے سکھا کر پیس لیں۔
بعد ازاں اس سفوف میں عرق گلاب شامل کر کے روز استعمال کیا جا سکتا ہے۔ناریل تیل بھی بغلوں کی سیاہی سے چھٹکارہ پانے کے لئے اہم ہے۔آپ اگر ہر روز نہانے سے قبل 10سے15منٹ تک ناریل تیل بغلوں میں لگا چھوڑیں تو اس سے آپ بہت جلد بہتر نتائج حاصل کر سکتی ہیں۔جیسے کہ ہم جانتے ہیں لیموں ایک قدرتی بلیچنگ ایجنٹ ہے جو بغلوں کی سیاہی کے خاتمے میں اہم سمجھا جاتا ہے۔تاہم ایک بات ذہن میں رکھیے گا لیموں چونکہ جلد کو خشک کرتا ہے اس لئے اس کے استعمال کے بعد جلد پر اچھا موئسچرائزر ضرور لگائیں۔دودھ ایک اور قدرتی تحفہ یہ بغلوں کی سیاہی ختم کرنے میں لیموں کی طرح موثر خیال کیا جا تا ہے۔علاوہ ازیں آپ بغلوں کی سیاہی دور کرنے کے لئے کھیرا بھی استعما ل کر سکتی ہیں۔اس کے لئے آپ کھیرے کو سلائس میں کاٹ لیں اور اور متاثرہ جگہ پر انھیں رگڑیں یہ نا صرف آپکی جلد کی صفائی کرے گا بلکہ اسے نرم رکھنے میں بھی مدد دے گا۔امید ہے یہ آسان حل آپکو بغلوں کی سیاہی سے چھٹکارہ دلانے میں مدد دے گا۔