لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آشیانہ علاقہ میں گزشتہ یکم فروری کو گیارہویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینکنے کے معاملہ میں پولیس نے ملزم ریاض کو بغیر شناختی کارڈ کے الزام میں اور تیزاب فروخت کرنے والے کاروباری اکبر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس واقعہ کو سازش بتاتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ گزشتہ یکم فروری کو سروجنی نگر میںرہنے والی گیارہویں جماعت کی طالبہ کو اس کے ماموں رائے بریلی مہاراج گنج کے باشندے ریاض نے زبردستی کارمیں بیٹھا لیا تھا۔ اس کے بعد ریاض نے طالبہ پر زبردستی شادی کرنے کیلئے زور دیا ،جب طالبہ نے اس کی مخالفت کی تو ملزم نے آشیانہ کے اورنگ آباد علاقہ میں اس پر تیزاب پھینک دیا تھا۔ شدید طور سے جھلسی ہوئی طالبہ کسی طرح اپنی جان بچانے کیلئے چلتی ہوئی کار سے کود گئی
تھی۔
پولیس نے اسے علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا تھا۔ اس معاملہ میں آشیانہ پولیس نے گزشتہ آٹھ فروری کو عدالت میں خود سپردگی کرنے والے ملزم ریاض کو حضرت گنج کے پریورتن چوک سے گرفتار کر لیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران ریاض نے بتایا کہ اس نے تیزاب محلہ کے ایک دکاندارسے بغیر شناختی کارڈ دکھائے ہوئے خریدا تھا۔ آشیانہ پولیس نے مجرم دکاندار کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے رائے بریلی ضلع انتظامیہ کو ایک خط تحریر کیا تھا۔اسی معاملہ میں آشیانہ پولیس نے دکاندار اکبر کو روچی کھنڈ واقع شنی دیو مندر کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم دکاندار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔