لکھنؤ (نامہ نگار)۔راجدھانی میں بغیر لائسنس کے تیزاب جیسی مہلک زہریلی اشیاء کو فروخت کرنے پر روک لگادی گئی ہے ۔ ان اشیاء کو فروخت کرنے کے لئے نئے ضوابط کے تحت لائسنس لینا لازمی ہوگا ۔ یہ اطلاع ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سٹی مغربی جتیندر پرتاپ سنگھ نے دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضوابط کے مطابق ایسی تمام زہریلی اشیاء کو لائسنس کے بعد ہی فروخت کیا جاسکے گا ۔جنہیں ضوابط میں ن
شان زد کیا گیا ہے ۔ ضوابط میں کل ۱۹ زہر نشان زد ہے جس میں ایسیٹک ایسیڈ ، فاسفورک ایسیڈ ، فارمک ایسیڈ وغیرہ شامل ہیں ۔
انہوں نے بتایاکہ اس ضوابط کے تحت درخواست دہندہ تمام تفصیلات دیتے ہوئے درخواست کرے گا اور تحفظ بندو بست کرکے ہی اس کو فروخت کرے گا ۔ فروخت کرنے کے لئے درخواست دہندہ کو ایک فہرست رکھنی ہوگی جس میں تمام طرح کی زہریلی اشیاء درج کی جائے گی اور فروخت کی تاریخ ، مقدار ، گاہک کا نام اور شناختی کارڈ اور خرید نے والے کا انگوٹھا وغیرہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست کرنے والے کو اس طرح کے زہر کو اپنے احاطہ کے تالے ، چابی میں رکھا جائے گا تاکہ اس کا ناجائز استعمال نہ ہو سکے۔ وقت وقت پر مجسٹریٹ یا محکمہ ادویات کنڑول کا کوئی بھی افسر جو ادویات انسپکٹر کے سطح سے کم کا نہ ہو ان زہریلی اشیاء کے رکھ رکھاؤ کا معائنہ اور متعلقہ کتاب کا معائنہ کرسکتا ہے ۔ ان زہریلی اشیاء کو فروخت کرنے والے کو اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ انہوں نے جس کو یہ اشیاء فروخت کی ہے وہ بالغ ہو ۔ نابالغ کو فروخت کرنے والوں کے خلاف زہر ایکٹ ۱۹۱۹کی دفعہ ۶ کے تحت سزادی جائے گی ۔