لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ ریاستی حکومت گنا کسانوں کے مفاد کیلئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے نجی شعبہ کی شکر ملوں کو گنا قیمت کی بقایا رقم کی ادائیگی کیلئے ایک تاریخ مقرر کرنے کی افسران کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد ڈیفالٹر شکر ملوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے بینکوں سے سی سی لمٹ کی حاصل رقم کا ڈائیورزن کرلینے والی شکر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امداد باہمی شکر ملوں کے ۲۱۸کروڑ روپئے کے بقایا گنا قیمت کی ادائیگی کرا دی جائے گی۔
مسٹر یادو آج یہاں اپنی سرکاری قیام گاہ پر کسانوں کے وفد اور گنا امداد باہمی کمیٹیوں کے صدور سے ملاقات کے دوران یہ باتیں کہیں۔ وفد کی جانب سے بقایا گنا قیمت کی فوراً ادائیگی کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ مسٹر یادو نے انہیں یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان کے اس مسئلے کا موثر حل یقینی بنائے گی۔
اس سے قبل کسانوں کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل کی تفصیلی
معلومات فراہم کرائی جس کے بعد وزیر اعلیٰ نے انہیں مذکورہ یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیٹ، ریاستی صدر راجیش چوہان، لکھنؤ یونٹ کے صدر ہرنام سنگھ سمیت دیگر کسان اور امداد باہمی کمیٹی یونین کے ریاستی صدر اودھیش مشرا سمیت دیگر صدور شامل تھے۔اس موقع پر پرنسپل سکریٹری شکر صنعت و گنا ترقیات راہل بھٹناگر ، سکریٹری وزیر اعلیٰ شمبھو سنگھ یادو، گنا کمشنر سبھاش چندر شرماا ور ضلع مجسٹریٹ لکھنؤ راج شیکھر بھی موجود تھے۔