بلندشہر۔ 26 نومبر (یو این آئی) اترپردیش میں بلند شہر کے خورجا نگر میں کل رات موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح بدمعاشوں نے وکیل کے گھر میں گھس کراسے قتل کردیا۔ وکیلوں نے اس قتل کے خلاف احتجاج میں آج کام کاج بند رکھا۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اکھیلیش کمار نے آج یہاں بتایا کہ خورجا کے محلہ سرائے نصراللہ خاں میں رہنے والے سبھاش متل نامی وکیل کل رات نو بجے جب اپنے بزرگ والد شیو نارائن متل سے بات کررہے تھے تبھی موٹر سائکل پر سوار ہوکر آنے والے تین نوجوان ان کے گھر میں گھس گئے اور والد کے سامنے ہی وکیل کو گولی مار دی۔حملہ آورواردات کو انجام دینے کے بعد فرار ہوگئے۔ سبھاش متل کو فوراًاسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔