لکھنؤ(نامہ نگار)بنتھرا علاقہ میں دکان بند کر کے گھر جا رہے ایک زیورات تاجر کو موٹرسائیکل سوار کچھ لوگوں نے گولی مار دی۔ زیورات تاجر کا بیٹا لوگوں کی مدد سے والد کو ٹراماسینٹر لے کر پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے د
یا۔
ایس او بنتھرا نوویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ سروجنی نگر کے گوری بازار کے ۵۰سالہ رام بلاس سونی کی بنتھرا کے ہرونی میں زیورات کی دو دکانیں ہیں۔ ایک دکان شری سائیں جویلرس کے نام سے ہے جبکہ دوسری اوم سائیں جویلرس کے نام سے ہے۔ شری سائیں جویلرس والی دکان پر رام بلاس اور اوم سائیں جویلرس والی دکان پر ان کا چھوٹا بیٹا راجو سونی بیٹھتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دوشنبہ کی شام تقریباً ۶بجے دونوں باپ بیٹے دکان بند کر کے ایک موٹرسائیکل سے گھر کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ راجو موٹرسائیکل چلا رہا تھا جبکہ رام بلاس پیچھے بیٹھا تھا دونوں لوگ جب بنتھرا کے بینتی گاؤں کے قریب پہنچے تو ان کو ایک موٹرسائیکل سوار تین لوگوں نے گھیر لیا اس سے قبل راجو اور اس کے والد رام بلاس کچھ سمجھ پاتے موٹرسائیکل سوار نوجوانوں نے رام بلاس پر گولیاں چلا دیں۔
رام بلاس کے ایک گولی سر پر اور دوسری گولی کمر کے نزدیک لگی۔ گولی لگتے ہی موٹرسائیکل سوار رام بلاس سڑک پر گر پڑا ۔ زیورات تاجر کو گولی مارنے کے بعد موٹرسائیکل سوار حملہ آور فرار ہوگئے۔ گولی کی آواز سن کر مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔ راجو لوگوں کی مدد سے زخمی رام بلاس کو ٹراما سینٹر پرلے کر پہنچا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دے دیا۔ قتل کی اطلاع ملتے ہی بنتھرا پولیس اور سی او سروجنی نگر ہریندر کمار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے تفتیش کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس کو اس بات کاپتہ چلا ہے کہ رام بلاس کا اپنے داماد سے روپئے کے سلسلہ میں تنازعہ چل رہا تھا کچھ عرصہ قبل اس کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی ملی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے کنبہ کے لوگ جو تحریر دیںگے اسی بنیاد پر رپورٹ درج کرکے کارروائی کی جائے گی۔