لکھنؤ: دختر رسول کی شہادت کے غم میں شہر کے مختلف مقامات پر تین روزہ مجالس کا انعقاد گیارہ مارچ سے کیاجائے گا۔ جماعت جعفری کی جانب سے حسین آباد واقع چھوٹے امام باڑہ میں مجالس ہوں گی۔ سعادت گنج واقع روضہ کاظمین میں بھی تین روزہ مجالس گیارہ مارچ سے ہوں گی اس کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مجالس کا انعقاد کرکے دختر رسول کی شہادت کا غم منایا جائے گا۔
جماعت جعفری کی جانب سے چھوٹے امام باڑہ میں منعقد ہونے والی مجالس کی اطلاع دیتے ہوئے مولانامحمد میاں عابدی نے بتایا کہ امام باڑہ میں روزانہ دو مجالس ہوں گی۔ گیارہ اور بارہ مارچ کو شام ساڑھے سات بجے تلاوت کلام پاک سے شرو ع ہونے والی مجلس کوایران سے آئے مولانا ضیغم رضوی اور رات ۹ بجے منعقد ہونے والی مجلس کو پاکستان سے آنے والے مولانا ابو طالب طبا طبائی خطاب کریں گے۔ مجالس کے آخری دن تیرہ مارچ کو پہلی مجلس شام ساڑھے چار بجے ہوگی جسے مولانا ابو طالب طبا طبائی خطاب کریں گے۔ وہیں دوسری مجلس رات ساڑھے ۸ بجے ہوگی جسے مولانا ضیغم رضوی خطاب کریںگے۔ مولانا نے بتایا کہ لکھنؤ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں گجرات، جموں و کشمیر، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، کرناٹک کے کئی ضلعوں میں بھی ایام فاطمیہ کے عنوان سے مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۷؍مارچ کو سعادت گنج کے شیعہ یتیم خانہ کے سامنے واقع فاطمیہ سینٹر میں بنت رسولؐ کی یاد میں مسالمہ منعقد ہوگا۔ وہیں سعادت گنج واقع روضہ کاظمین میں گیارہ سے تیرہ مارچ کے درمیان مجالس کا اہتمام کیا جائے گا۔ رات ۸ بجے تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی مجالس کو مولانا میثم زیدی خطاب کریں گے۔
3ہندو شعراء کے چنندہ کلام کی ہوگی اشاعت:- مولانا محمد میاں عابدی نے بتایا کہ گزشتہ ۱۰۰ برسوں کے ہندو اور سکھ شعراء کے اہل بیت خصوصاً بنت رسول کی شان میں کہے گئے شعروں میں سے دس چنندہ کلام کی اشاعت کرائی جا رہی ہے۔ کتاب کی شکل میں ان کلاموں کو شائع کراکر مجالس میں تقسیم کیا جائے گا۔ وہیں شعراء کی حیات اور ان کے کلام کی کتاب کا اجراء حضرت علی کے یوم پیدائش تیرہ رجب کے موقع پرکیا جائے گا۔ اس موقع پر حضرت علی کی شان میں راجہ ،مہاراجہ، نوابوں کے کلام بھی شائع کرائے جائیں گے۔