کانپور(نامہ نگار)اکثر آپ نے سنا ہوگا کہ موٹر سائیکل سواروں نے خاتون کا پرس چھینا ۔چوروں نے لاکھوں کا مال چرایا لیکن ایک ایسی واردات رونما ہوگئی کہ آپ بھی سن کر حیران رہ جائیں گے ۔شاپنگ کرنے آئی خاتون سے بندر نے لوٹ مار کی۔ اور خاتون کے گلے سے چین توڑ کر بھاگ نکلا۔ خاتون نے شور مچا کر لوگوں کو جمع کیا۔ اور واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔اطلاع پر پہنچی پولیس نے متاثرہ کی بات سنی لیکن وہ بھی حیران رہی کہ اب وہ کس کے خلاف مقدمہ درج کرے۔ واضح ہوکہ نظیرآباد تھانہ حلقہ واقع کوشل پوری میں رہنے والی خاتون ارملا سکسینا بازار سے سبزی خرید کر گھر جارہی تھی۔
ہاتھ میں ان کے پھل کی پولیتھین تھی اسی دوران پیچھے سے ایک بندر آیا اور جھپٹا مارکران کے گلے میں پڑی سونے کی چین توڑ دی۔ واردات کو انجام دے کر بھاگ رہے بندر کو دیکھ کر خاتون اس کو پکڑنے کیلئے دوڑی لیکن تب تک بندر وہاں سے بھاگ نکلا۔ خاتون سڑک پر ہی شور مچانے لگی یہ دیکھ کروہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔
متاثرہ نے فون کے ذریعے پولیس کو اطلاع دی۔ معاملے کی اطلاع پر پہچے تھانہ انچارج اکھلیش کمار گوڑ نے خاتون سے پوچھ گچھ کی ۔ خاتون نے بتایا کہ بندر نے اس سے لوٹ مار کی اور وہ بھی حیران رہ گیا۔ فی الحال دیکھنا یہ ہے کہ ایس او کیا کارروائی کرتے ہیں جب اس معاملے میں ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی کوئی تحریر نہیں آئی ہے ۔ تحریر کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔