برلن ۔ہیرتھا برلن کے خلاف فتح حاصل کر کے بائرن میونخ نے رواں سیزن کی جرمن فٹ بال چمپئن شپ بنڈس لیگا کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ اس بار بائرن میونخ نے یہ اعزاز ریکارڈ وقت میں حاصل کر کے ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے بآسانی ہرا دیا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کی طرف سے ٹونی کروز، ماریو گؤٹسے اور فرانک ریبری نے گول کر کے بائرن میونخ کو جرمن کی اس قومی فٹ بال چمپئن شپ کا ٹائٹل اس لیگ کے ختم ہونے سے سات میچ ڈے قبل ہی دلوا دیا۔ دفاعی چمپئن بائرن میونخ نے اس بار پچھلی دفعہ سے بھی بڑھ کر کارکردگی دکھائی اور پوائنٹس ٹیبل پر شروع ہی سے کسی ٹیم کو اپنے قریب نہیں آنے دیا۔اس میچ میں فتح کے باوجود بائرن میونخ کو ٹرافی کیلئے اس چمپئن شپ کے مکمل اختتام یعنی 10 مئی تک کا انتظار کرنا پڑے گا، تاہم میچ کی فتح کے بعد کھلاڑیوں نے اپنے فینز ک
ے ساتھ فتح کا خوب جشن منایا۔واضح رہے کہ پچھلے برس بائرن میونخ کی ٹیم نے کوچ یْپ ہینکی کے نگرانی میں بنڈس لیگا میں ریکارڈ ساز کارکردگی دکھائی تھی، تاہم بارسلونا کے کوچ گارڈیولا کی بائرن میونخ کلب میں بطور کوچ شمولیت کے بعد اس ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا واضح رہے کہ گزشتہ 19 لیگ میچوں میں یہ کلب ناقابل شکست رہا ہے جب مجموعی طور پر پچھلے 52 میچوں میں اسے کوئی ٹیم شکست دینے میں کامیاب نہیں ہو پائی۔خیال رہے کہ 27ویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ نے 77 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، یعنی اس سیزن میں اب تک کھیلے گئے 27 میچوں میں اسے 25 میں کامیابی ملی ہے جب کہ اسکے دو میچز ڈرا رہے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیمیں ڈورٹمنڈ اور شالکے اب اپنے باقی تمام سات میچز جیت بھی جائیں اور بائرن میونخ کی ٹیم اپنے باقی تمام سات میچز ہار بھی جائے تب بھی ان ٹیموں کے پوائنٹس بائرن میونخ کے برابر نہیں ہو پائیں گے اس وقت ڈورٹمنڈ کی ٹیم 52 اور شالکے کی ٹیم 51 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشنوں پر ہیں۔