نئی دہلی: مرکزی وزارت برائے جہاز رانی ساحلی علاقوں تک سازوسامان کی ڈھلائی کے کام کو آبی شاہراہوں کے ذریعہ بھی انجام دئے جانے کے لئے مختلف اقدامات پر غوروخوض کررہی ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کیا جاسکے اورخاص طور سے ساحلی آبی راستوں میں سڑک ٹریفک کے مقابلے ایندھن کے کفایت شعار استعمال کو فروغ دیا جاسکے ۔ واضح ہوکہ ساحلی جہاز رانی کی راہ میں حائل دشواریوں میں بنکر کے ایندھن کے استعمال پر عائد کسٹمز اور ایکسائز ڈیوٹی خاص طور سے نمایاں رہی ہے ، جس کے نتیجے میں سازوسامان کی ڈھلائی کی لاگت میں شدید اضافہ ہوجاتا ہے ۔
محکمہ مالگزاری نے نوٹفکیشن نمبر :
31/2014، مورخہ گیارہ نومبر 2014 میں بنکر کے ایندھن پر عائد کسٹمز اور ایکسائز ڈیوٹی کو ختم کردیا ہے ، جن میں آئی ایف او 180 سی ایس ٹی اور آئی ایف او 380 سی ایس ٹی شامل ہیں۔یہ ایندھن ہندوستان کے بحری جہاز ہندوستان کے دو بندرگاہوں کے درمیان سازوسامان اور خالی کنستروں کی ڈھلائی کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔