کولمبو: بنگلہ دیشی فاسٹ بولر شہادت حسین کے خلاف گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے کے الزام میں رپورٹ درج کر لی گئی۔ شہادت حسین نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق محفوظہ اختر نامی بچی نے خود تھانے آ کر شہادت حسین اور ان کی اہلیہ کے خلاف رپورٹ درج کرائی۔ پولیس کے مطابق بچی کی آنکھ پر زخم تھا جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی تشدد کے نشانات موجود تھے۔ محفوظہ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق انہوں نے گزشتہ رات شہادت اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔