ڈھاکہ ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بگ تھری کو سپورٹ کرنے کے بعد اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اب بنگلہ دیش کی ٹیم ہوم اینڈ آوے کی بنیاد پرہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کیخلاف اضافی سیریز کھیلے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بگ تھری کو سپورٹ کرنے کے بعد ہمارے ہندوستان ،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ بتانا قبل از وقت ہوگا کہ ہم نے کیا کھویا اورکیا پایا۔ انہوںنے کہا کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق مستقبل میں کھیلی جانے والی سیریز کھیلی لیکن ہمیں پوری امید ہے کہ آئندہ دو سالوں میں ہمیں اس سے زیادہ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ بگ تھری کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ بنگلہ دیش کی کرکٹ کے مفاد میں کیا اور ہمیں بھی پوری امید ہے کہ اس سے بنگلہ دیش کی کرکٹ بھر پور فائدہ ہوگا اور بنگلہ دیش کے شائقین کرکٹ کو بھی اضافی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔