ڈھاکہ: بنگلہ دیش پولس نے حزب اختلاف بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی(بی این پی) کے ایک سینئر لیڈر کو حکومت کے خلاف سازش کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ پولس نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جوائنٹ سکریٹری جنرل اسلم چودھری کی گرفتاری اتوار کے روز میڈیا میں یہ رپورٹ شائع ہونے کے بعد کی ہے کہ انہوں نے ہندوستان میں اسرائیل کے سیاسی مشیر سے ملاقات کی تھی۔ پولس نے بتایا کہ اس نے اسلم چودھری کی گرفتاری حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزام میں کی ہے ۔ مسٹر چودھری نے اسرائیلی سیاست داں سے ملک کے باہر ذاتی طور پر ملاقات کی تھی۔ مسٹر چودھری نے ، جو چٹاگانگ کے تاجر ہیں، حکومت کے خلاف سازش کرنے کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے ہندوستان میں اسرائیلی نمائندے سے ملاقات اپنے کاروبار کے سلسلے میں کی تھی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور بنگلہ دیش کے شہریوں کے لئے اسرائیل کا سفر بھی ممنوع ہے ۔