نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں غیر ملکیوں پر حملے غیر معمولی بات ہے
پولیس کے مطابق شمالی بنگلہ دیش میں ایک جاپانی شہری کو گولی مار کر ہلاک کیا دیا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران بنگلہ دیش میں غیر ملکیوں کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقع ہے۔
کسانوں کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے کنیو ہوشی نامی جاپانی شہری پر شمالی بنگلہ دیش کے قصبے کونیا میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔
یہ واقع ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کچھ ہی دن قبل بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی تنظیم نے اطالوی امدادی کارکن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم حکام کے مطابق ان کے اس دعویٰ کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
کنیو ہوشی کی لاش کو سرکاری ہسپتال میں لے جایا گیا ہے اور واقع کی تحقیقات کی جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اطالوی شہری سیزر ٹوالہ کی ہلاکت کے بعد امریکہ اور برطانیہ نے کہا تھا کہ ان کے پاس ایسی اطلات ہیں کہ بنگلہ دیش میں مغربی شہریوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور دونوں ملکوں نے بنگلہ دیش میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی تھی۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں بنگلہ دیش میں شدت پسند اسلامی گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رواں برس ملک میں شدت پسندوں کی جانب سے سیکولر بلاگرز پر حملے کیے گئے ہیں جن میں ایک امریکی شہری سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔