ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے مختلف اضلاع میں بجلی گرنے سے مزید دس لوگوں کی موت ہو جانے سے ان واقعات میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے ۔
دی نیوز ٹوڈے کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ دو دنوں کے دوران بجلی گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہو گئی ہے ۔ جمعرات کو دارالحکومت ڈھاکہ اور نو دیگر اضلاع میں بجلی گرنے سے 32 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے تھے ۔ بجلی گرنے کے سب سے زیادہ واقعات ڈھاکہ، چٹ گاؤں ، گائے باندھا، جائے پور ھاٹ، حبیب گنج ، سنام گنج ، راجباڑي اور چاندپور میں ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھنے اور بجلی گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے لوگوں کو اس سے زیادہ خوفزدہ نہیں ہونے اور بجلی گرنے کے دوران ضرورت کے مطابق مناسب اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ لوگوں سے گھر سے باہر نکلنے سے پہلے موسم کو بھی ذہن میں رکھنے ، اونچے درختوں، بجلی کے کھمبے سے دور رہنے اور بجلی کڑکنے کے دوران دھات کے سامان کو نہیں چھو نے کی اپیل کی گئی ہے ۔