ڈھاکہ:بنگلہ دیش میں سینکڑوں دیہاتی ایک تصوراتی ٹی وی سیریل کے پلاٹ پر لڑ پڑے، جس کے نتیجے میں کم از کم سو افراد زخمی ہو گئے۔ یہ لڑائی ضلع حبیب گنج میں ہوئی اور تنازعے کی وجہ کرن مالا نامی مشہور بنگلہ کہانی پر ٹی وی سیریل بنی۔
بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے ہفتہ بیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بدھ سترہ اگست کی رات حبیب گنج کے ایک ریستوراں میں سینکڑوں کی تعداد میں ناظرین جمع تھے کہ وہاں کرن مالا نامی ٹی ویل سیریل کے پلاٹ پر بحث شروع ہو گئی۔کرن مالا ایک ایسی تصوراتی لیکن بہت مشہور بنگلہ کہانی ہے،
جس کی مرکزی کردار ایک بہت بہادر شہزادی ہے، جو برائی کے خلاف جنگ کرتے ہوئے انسانیت کو بچاتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ٹی وی سیریل کے لیے اس کہانی کے پلاٹ پر بحث کے دوران حاضرین کے درمیان اختلاف رائے اتنا شدید ہو گیا کہ سینکڑوں افراد آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔حبیب گنج کی ضلعی پولیس کے مطابق پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے ربڑ کی گولیاں فائر کرنے کے علاوہ ان افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس بھی استعمال کرنا پڑی، لیکن صورت حال پھر بھی پوری طرح قابو میں نہ آ سکی۔پولیس نے بتایا کہ ’ڈھول‘ نامی گاؤں کے ایک ریستوراں میں یہ مشتعل لیکن آپس میں حریف شائقین رات بھر لڑتے رہے،
جس دوران انہوں نے ریستوراں میں توڑ پھوڑ بھی کی اور ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملے بھی کیے۔مقامی پولیس کے سربراہ یاسین الحق نے بتایا کہ تنازعے کی وجہ اس سیریل کی ایک قسط میں کہانی میں اچانک آنے والا ایک ایسا موڑ بنا، جس پر پہلے دو افراد کے مابین اختلاف رائے پیدا ہوا اور پھر یہ معاملہ ناظرین کے دو بڑے گروپوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔