لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری کے ذریعہ ۱۴ویں مالی کمیشن سے صلاح ومشورہ کرنے کیلئے ریاستی کانگریس کمیٹی کے دو نمائندوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ سابق وزیر ستیہ دیو ترپاٹھی ، نائب صدر و چیئر مین رابطہ محکمہ اور سبکدوش آئی اے ایس رام کرشن ، سابق چیئر مین درج فہرست ذات مالی کمیشن کے جلسہ میں شامل ہوئے۔ مذکورہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے بتایاکہ کانگریس پارٹی کے نمائندوں نے مالی کمیشن کے سامنے اہم مسئلوں کو رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش بڑی ریاست ہے جس کی آبادی بیس کروڑ سے بھی زائد ہے۔ آبادی کی شرح سے ریاست میں زیادہ سے زیادہ وسائل کی ضرورت پڑتی ہے ، اس لئے ریاست کی بنیادی سہولیات میں کمی اور ضرورت کے پیش نظر زیادہ فنڈ کی ضرورت ہے اس کے علاوہ پینے کے پانی ، آبپاشی اور بجلی و ٹرانسپورٹ جیسی عوامی خدمات کے سلسلہ میں خصوصی طور سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سماجی بہبود خاص طور سے درج فہرست ذات و اقوام و قبائل، اقلیتوں، پسماندہ طبقوں و دیگر کمزور طبقوں کی عوامی بہبود اسکیموں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے صحیح طریقہ اختیار کیا
جانا چاہئے۔