لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ یو پی بورڈ کا امتحان تین مارچ سے شروع ہوگا۔ امتحانات مراکز پر منتظمین کی تعیناتی کیلئے نقل مافیا سرگرم ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ ان کے کام کے لوگ ہی منتظم بنائے جائیں جس کیلئے وہ ہر طرح کا ہتھکنڈا اپنا رہے ہیں ، وہ سیاسی طاقت کے استعمال سے لیکر سازش اور ساز باز تک کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈی آئی او ایس کے دفتر میں منتظمین کی تعیناتی کیلئے سفارشی خطوط کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہاہے حالانکہ ڈی آئی او ایس پی سی یادو نے اس سے انکار کیا ہے لیکن محکمہ جاتی ذرائع کے مطابق نقل مافیا ساز باز میں مصروف ہیں۔ کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ امتحان مراکز پر نگرانوں کی تعیناتی کیلئے پرائیویٹ اسکول کے ذمہ دار کافی پریشان ہیں کیونکہ ان کے یہاں پڑھنے والے طلباء کا امتحان مرکز بھی وہیں ہوتا ہے اس کے ساتھ ہی کالج فیصد بھی دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایسے میں وہ کوئی بھی موقع نہیں چھوڑنا چاہتے۔ واضح رہے کہ بدھ کو ڈی آئی او ایس کے دفتر سے منظور شدہ انٹر کالج کے پرنسپلوں کوایک خط ارسال کیاگیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ امتحانات مراکز پر نگرانوں کی تعیناتی کیلئے تمام کالج اپنے اساتذہ کی تفصیلات ڈی آئی او ایس کے دفتر میں جمع کر دیں جن کی تعیناتی ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحان مراکز پر کی جائے گی۔