بولی وڈ فلم انڈسٹری میں لیجنڈ کی حیثیت رکھنے والے اداکار، پروڈیوسر، پلے بیک سنگر اور میزبان امیتابھ بچن آج 72 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
ہندوستانی ریاست اتر پردیش کے شہر الہٰ آباد میں 11 اکتوبر 1942 کو پیدا ہونے والے امیتابھ بچن کے فنی سفر کا آغاز 1
969 میں فلم ‘سات ہندوستانی’ سے ہوا جس کی ناکامی کے باوجود انہیں اس کیلئے بہتریں نووارد اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ ملا۔
ان کی دوسری فلم ‘آنند’ کاروباری اور تنقیدی لحاظ سے کامیاب رہی اور پھر ‘پروانہ’ نامی فلم میں وہ منفی رول میں نظر آئے۔
70 کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لینے والے امیتابھ بچن آج بگ بی کے نام سے مشہور ہیں اور تقریباً 180 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
— فائل فوٹو
1973 میں انہوں نے ابھیمان، چپکے چپکے، شعلے، زنجیر اور سلسلہ سمیت اپنی دیگر کامیاب فلموں کی کو اسٹار جیا بہادری سے شادی کی۔
اور پھر 1984 میں فلم لائن کو خیرباد کرنے کے بعد امیتابھ نے سیاست میں قدم رکھا، لیکن ان کا سیاسی سفر مختصر رہا۔
1988 میں امیتابھ نے سپر ہٹ فلم ‘شہنشاہ’ سے دوبارہ اداکاری شروع کی مگر اس کے بعد کی فلمیں امیتابھ کو ان کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں ناکام رہیں اور کچھ ہی عرصے بعد وہ ایک بار پھر فلم نگری سے کنارہ کش ہوگئے۔
اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ریکھا کی جوڑی بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، 1980 کی دہائی میں ریکھا اور امیتابھ کے تعلقات کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں اور فلمی پنڈتوں کا خیال تھا کہ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرلیں گے لیکن شاید امیتابھ بچن کی بیوی جیا بہادری کی وفا آڑے آگئی جس کے باعث امیتابھ ریکھا سے شادی نہ کر پائے۔
سال 2000 میں بگ بی ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ نامی کوئز شو کے ذریعے چھوٹے پردے پر پہلی بار جلوہ گر ہوئے اور تب سے اب تک کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ اس شو کے کئی سیزنز کے میزبان رہ چکے ہیں۔
جذبات کے اظہار کے ساتھ بہترین ڈائیلاگز کی ادائیگی نے امیتابھ بچن کے منہ سے نکلے جملوں کو تاریخ میں امر کردیا۔
نمک حرام، ڈان، امر اکبر اینتھونی، دیوار، کالیا، کبھی کبھی، قسمیں وعدے، مسٹر نٹور لال، کالا پتھر، رام بلرام، لاوارث، شکتی، قلی، خدا گواہ، بڑے میاں چھوٹے میاں، لال بادشاہ، ہندوستان کی قسم، بابل، آنکھیں، نشبد، محبتیں، باغبان، بلیک اور خاکی جیسی فلموں سے بولی وڈ انڈسٹری میں امیتابھ بچن کے نام کو ہمیشہ کے لئے جگہ مل گئی۔
چار نیشنل فلم ایوارڈز اور 13 فلم فیئر ایوارڈز حاصل کرنے والے امیتابھ سب سے زیادہ ایوارڈز کے لیے منتخب ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
امیتابھ بچن اور کی بیوی جیا بچن، داماد نکھل نندا اور امیتابھ کی بیٹی شویتا نندا، امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریہ رائے بچن — اے ایف پی فوٹو
امیتابھ بچن اور کی بیوی جیا بچن، داماد نکھل نندا اور امیتابھ کی بیٹی شویتا نندا، امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریہ رائے بچن — اے ایف پی فوٹو
اپنی اداکاری پر مختلف ایوارڈز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ امیتابھ کو بولی وڈ فلم انڈسٹری میں ان کی کامیابیوں پر کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے جبکہ وہ فلم فیئر کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جیتنے والے بھی پہلے اداکار ہیں۔
امیتابھ سال2000 میں سپر اسٹار آف دی ملینیئم کا ایوارڈ، ہندوستانی حکومت کی جانب سے 1984 میں پدما شری ایوارڈ اور 2001 میں پدما بھوشن ایوارڈ بھی وصول کر چکے ہیں۔
جون 2000 میں لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں ایشیاء سے پہلے اداکار بولی وڈ کے امیتابھ کا مومی مجسمہ نصب کیا گیا، 2001 میں انہیں مصر میں ہونے والے الیگزینڈریا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایکٹر آف دی سنچری کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
لاتعداد ایوارڈ حاصل کرنے والے امیتابھ بچن کو دنیا بھر کے کئی مشہور و معروف تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے بولی وڈ فلم انڈسٹری میں ان کی بے پناہ خدمات پر اعزازی ڈگریوں اور سندوں کا حقدار ٹھہرایا گیا جبکہ ان پر اب تک درجنوں کتابیں بھی شائع کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے ‘دی گریٹ گیٹسبی’ میں مختصر رول کے ذریعے ہولی وڈ ڈیبیو کیا اور مستقبل میں مزید ہولی وڈ فلمز میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔