بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ انہیں ’بومبے ویلوٹ‘، ’بے شرم‘ اور اپنی تمام فلموں پر فخر ہے چاہے وہ باکس آفس پر ناکام ہی کیوں نہ ہوگئی ہو۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رنبیر کا ایک ایونٹ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی پچھلی ریلیز فلمیں باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوپائیں جس میں ’بومبے ویلوٹ‘، ’بے شرم‘ اور ’روئے‘ شامل ہیں۔
ان کے مطابق فلم ’بومبے ویلوٹ‘ ان کے لیے بہت خاص تھی، اس فلم میں گانے کم تھے اور وہ ایک پرانے دور پر مبنی فلم تھی۔
رنبیر کا کہنا تھا کہ ایک اداکار ہمیشہ ہی مختلف کردار کرنا چاہتا ہے جو کہ باکس آفس پر بھی کامیاب ثابت ہوں البتہ ان کی فلمیں نہیں ہوپائی لیکن انہیں اپنی فلاپ فلموں پر فخر ہے۔
رنبیر کپور اس وقت اپنی سابقہ گرل فرینڈ دپیکا پڈوکون کے ساتھ کی فلم ’تماشا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
ان کا اس فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں امید ہے یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہو اور انہیں اپنی سپر اسٹار ہونے کی حیثیت واپس ملے۔
امتیاز علی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تماشا‘ 27 نومبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔