ممبئی ۔بپاشا باسو اور ملکہ شیراوت ایسی ہیروئنیں ہیں جنہوں نے اپنا فلمی کیریئر بھٹ کیمپ سے شروع کیا۔ لیکن جس طرح سے انہوں نے بالی ووڈ میں شاندار انداز میں گلیمر کی دنیا میں قدم رکھا اس مقبولیت اور شہرت کو آگے بھی برقرار نہیں رکھ سکیں۔ اس سے ایسا لگتا ہے کہ مہیش بھٹ یا وکرم بھٹ کیمپ ماڈل ایکٹریس کے لئے راس نہیں آتا۔ کیونکہ ماڈل ایکٹریس بپاشا باسو اب کام کی تلاش میں بھٹک رہی ہیں تو اسی کیمپ سے مرڈر فلم سے ڈیبو کرنے والی ملکہ شیراوت کا فلمی کیریئر کافی نیچے آ چکا ہے۔ اسی طرح بھٹ کیمپ کے ذریعہ فلم جنت -۲ سے اپنا کیریئر شروع کرنے والی ایشا گپتا بھی فلموں میں اپنا مستقبل نہ دیکھ کر بھی ماڈلنگ کی دنیا میں لوٹنے پر مجبور ہے۔ دو ہزار بارہ سے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد وہ آج گلیمر کی دنیا میں حاشیہ پر کھڑی نظر آتی ہیں۔ جنت -۲ میں اچھا موقع ملنے کے بعد وہ پرکاش جھا کی جال اور ساجد خان کی ہم شکل میں دیکھی گئی لیکن انہوں نے ناظرین پر اپنا کوئی اثر نہیں چھوڑا۔ اب وہ اپنے کیریئر کو سنوارنے کے لئے پھر سے پرانے راستے پر لوٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کیونکہ ان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ فلموں میں زیادہ دیر تک یوں ہی چلتے رہنے سے ان کا ماڈلنگ کا راستہ بھی بند ہو سکتا ہے۔ اس لئے وقت رہتے انہوں نے ماڈلنگ کی طرف لوٹنا ہی بہتر سمجھا۔ ان تینوں ہیروئنوں کا معاملہ سامنے رکھا جائے تو ان تینوں نے بھٹ کیمپ سے ہی اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی تھی لیکن ان کی فلمی گاڑی پٹری پر دوڑتی نظر نہیں آئی۔ اس لئے کہا جا سکتا ہے کہ ماڈلنگ سے فلموں میں بھٹ کیمپ کے بینر تلے آنے والی ہیروئنوں کا مستقبل کچھ خاص نہیں رہا۔ اگرچہ ایشا گپتا کو فلمیں تو مل رہی ہیں لیکن وہ ایسی ثابت نہیں ہو رہی ہیں جس سے ان کے فلمی کیریئر کا گراف اونچا اٹھ سکے۔ اس لئے ایشا گپتا ماڈلنگ چھوڑنا نہیں چاہتی۔