ممبئی: بنگالی حسینہ بپاشا باسو نے آئندہ کبھی بھی ہدایتکار ساجد خان کی کسی فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بپاشا باسو کا اپنے ایک انٹر ویو میں کہنا تھا کہ ساجد خان کی فلم ہمشکلز میں کام کرنا ان کی فلمی زندگی کا بدترین تجربہ ثابت ہوا، ساجد خان نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا، فلم میں ان کا کردار صرف چھ منٹ پر محیط تھا جو کہ ان کو بتائے گئے ٹائم سے بہت کم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی بتا دیا تھا کہ اس کے اختتام سے مطمئن نہیں تھی اس لئے خود کو اس فلم کی تشہیری مہم سے دور رکھا۔ واضح رہے کہ فلم ہمشکلز کو ناقدین نے بدترین فلم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا جب کہ اس کے باوجود یہ فلم باکس آفس پر 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ساجد خان بھی کہہ چکے ہیں کہ آئندہ اپنی کسی فلم میں بپاشا باسو کو کاسٹ نہیں کروں گا۔