میرٹھ (بھاشا)ضلع کے کرنوال گاؤ ں میں عاشق سے بات کرنے کے شک میں ایک نوجوان نے اپنی بہن کو گولی ماردی۔ جس کے سبب نوجوان کی بہن کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرنوال کا باشندہ گاؤں کی ایک لڑکی سے محبت کرتاتھا۔ لیکن اہل خانہ نے لڑکی کی شادی باغپت ضلع کے ایک نوجوان کے ساتھ طے کردی تھی۔ اس کے باوجود لڑکی مبینہ طور پر اپنے عاشق سے ملا کرتی تھی۔ سنیچر کو لڑکی اپنے کمرے میں موبائل پر بات کررہی تھی اسی دوران اس کا بھائی وہاں پہنچا اسے شک ہوا کہ اس کی بہن اپنے عاشق سے بات کررہی ہے۔ نوجوان نے طمنچہ نکال کر بہن کو گولی ماردی۔ کچھ ہی دیر میں لڑکی کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد لڑکی کا بھائی موقع سے فرار ہوگیا۔ اہل خانہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ اتوار کی رات پولیس نے ملزم کو نشہ کی حالت میں گاؤں سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔