نئی دہلی۔ یکم نومبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیراعلی اروند کیجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا ہے کہ اگر وہ دہلی میں حکومت بنانے میں ناکام رہتی ہے تو وہ آئین میں ترمیم کرکے قومی راجدھانی کو پھر سے مرکز کے زیرانتظام علاقہ بنا دے گی۔
سابق وزیراعلی نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ بات حکومت کے ایک نہایت سینئر افسر نے مجھے بتائی ہے اور ایک سینئر ایڈیٹر نے اس کی تصدیق کی ہے ۔بی جے پی دہلی میں حکومت سازی کی ایک آخری کوشش کرے گی اور اگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئی
تو اسمبلی تحلیل اور آئین میں ترمیم کے ذریعہ دہلی اسمبلی کو ختم کرکے قومی راجدھانی کو پھر سے مرکزکے زیرانتظام ریاست بنا دے گی۔
دہلی اسمبلی کو تحلیل کرکے الیکشن کرانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے والے کیجریوال کو جمعرات کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا تھا جب عدالت عظمی نے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کو دہلی کی تمام سیاسی جماعتوں سے تبادلہ خیال کرکے حکومت بنانے کے امکانات تلاش کرنے کی کوشش کو مثبت قرار دیا تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ اقلیتی حکومت کا قیام بھی ممکن ہے ۔ اس معاملے پر اب 11 نومبر کو سماعت ہوگی۔