لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ضلع میں ۸ لاکھ ۶۵ ہزار ایل پی جی صارفین ہیں اس میں چار لاکھ بیس ہزار صارفین نے اپنے بینک کھاتے کا صارفین نمبر سے لنک اپ کروا لیا ہے۔ جن صارفین نے لنک اپ نہیں کروایا ان سے جلد از جلد لنک اپ کروانے کی اپیل کی جا رہی ہے لیکن بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم کمپنی سے جڑی کچھ گیس ایجنسیوں نے لنک اپ نہ کروانے والے صارفین کے سلنڈر کی بکنگ کرنے سے انکار کر دیا ہے وہ اپنے صارفین کو لنک اپ کروانے کے بعدہی سلنڈر بک کرنے کی بات پر بضد ہیں جبکہ پٹرولیم کمپنیوں اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے صارف
ین نمبر کا لنک اپ نہ کروانے والے تمام صارفین کو ۳۱مارچ تک پہلے کی طرح سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اس کے باوجود ایجنسیاں اپنی مرضی چلا رہی ہیں۔ جن لوگوں نے لنک اپ کروا لیا ہے انہیں بھی ایجنسی سے بکنگ کروانے کے ۱۵ سے بیس دن بعد سلنڈر کی فراہمی کی جا رہی ہے اس لئے گھریلو سلنڈرکا بیک لاگ ۱۲۰۰۰ کا تخمینہ پار کر چکا ہے جبکہ ڈی بی ٹی ایل کے تحت بینک کھاتے کا صارفین نمبر سے لنک اپ کروانے کیلئے بھرا جانے والا نیا فارم بھی ایجنسیوں پر مہیا نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے صارفین کو بار بار گیس ایجنسی اور بینک کا چکر لگانا پڑ رہا ہے اس کے باوجود بینک کھاتے سے لنک اپ نہیں ہو پا رہا ہے ۔