لکھنؤ(نامہ نگار)غازی پور کے بھوت ناتھ میں کیلاش کنج مارکیٹ میں جمعہ کی صبح اچانک آگ لگ گئی دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے کئی دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ سے دکانوں میں رکھا ہزاروں روپئے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی نصف درجن گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد کسی طرح آگ پر قابو پایا۔
بتایا جاتا ہے کہ مارکیٹ میںآگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہے۔بھوت ناتھ علاقہ میں ایل ڈی اے کے کیلاش کنج تجارتی مرکز میںدرجنوں دکانیں ہیں۔ کچھ دکانیں بند رہتی ہیں جبکہ کچھ دکانوں میں ہوٹل، موبائل شاپ، جنرل اسٹور، پرنٹنگ پریس، موٹر پارٹس ، کمپیوٹر رپیرنگ اور کار بازار کا کام ہوتا ہے بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی صبح سبھی دکانیں بند تھیں۔اس درمیان مارکیٹ کے پچھلے حصہ میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ کی لپٹیں اور دھواں دیکھ کر لوگوں نے فوراً اس کی اطلاع غازی پ
ورپولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کو دی۔ مارکیٹ میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی دکاندار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ دکانداروں نے فوراً آگ بجھانے کا کام شروع کیا لیکن تب تک آگ نے سنگین رخ اختیار کر لیا تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے ایک درجن دکانوںکو اپنی آغوش میں لے لیا۔ موقع پر سب سے پہلے اندرا نگر فائر اسٹیشن کی گاڑیاں آگ بجھانے کیلئے پہنچیں۔ زبردست لگی آگ کو دیکھ کر موقع پر ۶فائر بریگیڈ گاڑیوں کو بلایا گیا۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کے عملہ نے کئی گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ مقامی دکانداروں نے بتایا کہ دکانوں میں لکڑی کا سامان ہونے کی وجہ سے آگ نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔ آگ سے دکانوں میں رکھا ہزاروں روپئے کا مال جل کر خاکستر ہو گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی ہے۔