بھوجپوری زبان بھلے ہی ہندوستان کی دیگر زبانوں کے مقابلے کمتر اور بدنام ہو لیکن اس کی دیوانگی کے قائل بالی ووڈ کے کئی بڑے اسٹار ہیں۔ امیتابھ بچن، ہیما مالنی، جیا بھادڑی، اجے دیوگن، دھرمیندر، گلشن گروور جیسے لوگوں نے بھوجپوری سے جڑنے میں ذرا بھی دیر نہیں کی۔ سلمان خان نے تو بھوجپوری جیسی فلم ہی بنا ڈالی۔ اب اس سلسلے میں بالی ووڈ کے ایک اور سپر ہیرو کا نام جڑنے جا رہا ہے۔ وہ نام ہے عامر خان۔ شاید یہ چونکانے جیسی بات ہوگی کہ راجو ہرانی کی فلم پی کے میں عامر خان بھوجپوری بولتے نظر آئیں گے۔ عامر خان کو جس رول میں رکھا گیا ہے دراصل پہلے اس کے لئے راجستھانی بولنے کا تھا۔ یہ راجو ہرانی کی تجویز تھی لیکن جس فلم میں عامر خان کام کرتے ہیں اس میں ان کا دخل بھی رہتا ہے۔ یہ یہاں بھی دیکھنے میں آیا۔ کیونکہ عامر خان کو بخوبی معلوم ہے کہ راجستھانی بولنے والوں کے مقابلے بھوجپوری ایک بڑی فلم انڈسٹری بن چکی ہے۔ فلم چاہے جیسی بھی ہو ناظرین اسے دیکھنے کے لئے بھاگ پڑتے ہیں۔ اس لئے عامر خان کے کہنے پر پی کے میں جو رول عامر خان ادا کر رہے ہیں اس میں وہ بھوجپوری بولتے نظر آئیں گے۔ بھوجپوری زبان چاہے جیسی بھی ہو اس کی کشش سے کوئی بچا نہیں رہتا۔ عامر خان کی یہ حکمت عملی ہو یا محبت اس سے فائدہ عامر خان کی فلم کو بھی ہوگا اور بھوجپوری زبان کو بھی۔