لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گزشتہ ہفتہ ہی سروجنی نگر علاقہ میں بھیم راؤ امبیڈکر کامجسمہ توڑے جانے پر لوگوں میں کشیدگی دیکھی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملہ کو کسی طرح رفع دفع کیا تھااس کے بعد جمعرات کی شب پی جی آئی علاقہ میں سماج دشمن عناصر نے امبیڈکر کا مجسمہ توڑ دیا۔ جب لوگوں نے مجسمہ ٹوٹا پایا تو مقامی لوگوں میں برہمی پیدا ہو گئی۔ موقع واردات پر سیکڑوں لوگ جمع ہو گئے اور اطلاع پولیس کو دی گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہنگامہ بڑھنے سے قبل ہی دوسرا مجسمہ لگوا دیا۔ تحفظ کے پیش نظر موقع پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پی جی آئی کے بابو کھیڑا گاؤں میں مقامی لوگ جمعہ کی صبح ٹہلنے نکلے تو دیکھا کہ بھیم راؤ امبیڈکر کا مجسمہ اپنی جگہ سے ٹوٹ کر دوسری جگہ پڑا ہے۔ یہ خبر ایک جگہ سے دوسرے کے ذریعہ سے پھیل گئی۔ فوری طور پر مقامی لوگوں نے اس بات کی اطلاع ۱۰۰ نمبر پر پولیس کو دی۔ اطلاع پاکر پی جی آئی ایس او نے نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر کے وہاں پر نیا مجسمہ لاکر پولیس تحفظ میں لگوانے کا کام شروع کر کے حالات بگڑنے سے پہلے ہی قابو میں کر لیا۔ ایک ہفتہ میں شہر کے اندر یہ دوسری واردات ہوئی ہے کہ سماج دشمن عناصر شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہیں پولیس ان
کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے۔