پٹنہ :پٹنہ کی ایک عدالت نے بہار فرضی ٹاپرس معاملہ کے اہم ملزم ڈاکٹر امت کمار عرف بچہ رائے کو آج پوچھ گچھ کے لئے دو دنوں کے پولیس ریمانڈمیں دے دیا۔چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ اوم پرکاش کی عدالت میں فرضی ٹاپر س گھپلہ کے اہم ملزم بچہ رائے کو پوچھ گچھ کے لئے پولیس ریمانڈ میں دینے کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے قبول کر لیا.عدالت نے مسٹر رائے کو اتوار کی دوپہر تک کیلئے پولیس ریمانڈ میں دینے کا حکم دیا.واضح رہے کہ بہار فرضی ٹاپرس گھپلہ کا انکشاف ہونے کے بعد ویشالی ضلع کے بھگوان پور تھانہ کے کرتپور میں واقع وشنو رائے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر امت کمار عرف بچہ رائے کو پولیس نے 11 جون کو حاجی پور میں گرفتار کیا تھا. اس گھپلہ کے دیگر ملزم بہار اسکول ایکزامنیشن بورڈکے سابق صدر لالکیشور پرساد اور ان کی بیوی سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اوشا سنہا کے خلاف عدالت سے گرفتاری وارنٹ جاری ہے اور وہاس سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔