مونگیر: وزیراعظم نریندر مودی نے بہار اسمبلی انتخابات کو جنگل راج اور ترقی کے درمیان لڑائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ریاست کے عوام وکاس راج کے حق میں ووٹ کریں گے نہ کہ جنگل راج کے حق میں۔مسٹر مودی نے یہاں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے امیدواروں کے حق میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اسمبلی انتخابات میں ایک طرف جنگل راج اور دوسری طرف وکاس راج ہے ۔ یہ لڑائی ان دونوں کو درمیان ہے اور اب عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسے جنگل راج چاہئے یا وکاس راج چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جنگل راج کی سب سے بڑی صنعت اغوا کے واقعات تھے جب روزانہ ڈاکٹروں اور تاجروں کا اغوا ہوتا تھا۔ اب وہی یادیں پھر سے تازہ ہورہی ہیں۔ حکومت بہار کے اپنے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اس سال جنوری سے جولائی کے درمیان اغوا کے چار ہزار واقعات ہوئے ہیں۔ اب لوگوں کو یہ طے کرنا ہے کہ کیا بہار میں پھر سے اغوا کے دن آنے دینے ہیں۔