نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج معروف شاعر رام دھاری سنگھ ‘دنکر’ کو ثقافتی قومیت کا مبلغ اور عوام کو متحرک کرنے والا راہ نما شاعر قرار دیتے ہوئے ان کے خواب کی تکمیل کیلئے بہار سے ذات پات کی سیاست کو ختم کرنے اور اسے خوشحال بنا کر ملک کی ترقی کرنے کی اپیل کی۔مسٹر مودی نے مسٹر دنکر کی مشہور تصنیف ‘سنسکرتی کے چار ادھیائے ’ اور ‘پرشورام کی پرتکشا’ کی اشاعت کے 50 سال مکمل ہونے پر وگیان بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں یہ اپیل کی۔انہوں نے
بہار سمیت مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح مغربی ریاستوں میں خوشحالی آئی ہے اس طرح مشرقی ریاستیں خوشحال نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان ریاستوں کی ترقی نہیں ہوگی ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔تقریب میں مسٹر مودی نے دنکر کے کنبہ کے معمر افراد کو شال دے کر ان کی عزت افزائی کی۔ دنکر پر ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گی۔ اس موقع پر مرکزی زرعی وزیر رادھا موہن سنگھ، مواصلات و ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، انتہائی چھوٹی اور چھوٹی صنعتوں کے وزیر گری راج سنگھ کے علاوہ بہار کے سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی اور نند کشور یادو سمیت دیگر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ بھی موجود تھے ۔ تقریب کا انعقاد سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سی پی ٹھاکر نے کیا تھا۔