پٹنہ: بہار اسمبلی کی 243 نشستوں کے لئے پانچ مراحل میں ہوئے انتخابات کی کل صبح آٹھ بجے سے شروع ہونے والی ووٹوں کی گنتی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ایڈیشنل چیف الیکٹورل افسر آر لکشمن نے آج یہاں بتایا کہ ریاست کے 38 اضلاع میں ووٹوں کی گنتی کے 39 مراکز پر ووٹوں کی گنتی کل صبح آٹھ بجے سے شروع کی جائے گی۔ اس کے لئے تمام طرح کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے تمام مراکز پر کُل 14 کاؤنٹنگ میزیں لگائی گئی ہیں۔ ڈاک سے موصولہ ووٹوں کی گنتی پہلے کی جائے گی جس کے لئے ایک کاؤنٹنگ میز الگ سے لگائی گئی ہے ۔
مسٹر لکشمن نے بتایا کہ کمیشن کی طرف سے مقرر سپروائزر ووٹوں کی گنتی کے مراکز کی سخت نگرانی کریں گے ۔ یہ سپروائزر ووٹوں کی گنتی کے عمل کی جانچ بھی کریں گے ۔
ایڈیشنل چیف الیکٹورل افسر نے بتایا کہ کمیشن کی طرف سے جاری شناختی کارڈ رکھنے والے شخص کو ہی ووٹوں کی گنتی کے مرکز میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ ووٹوں کی گنتی کے تمام مراکز پر میڈیا کے لئے مختلف میڈیا مرکز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں نامہ نگاروں کو ووٹوں کی گنتی کی تازہ معلومات فراہم کرائی جائے گی۔