پورٹ آف پرنس، 28 نومبر:لاطینی امریکی ملک بہاما کے جنوبی جزائر کے نزدیک تقریباً 150 ہیتی شہریوں کو لے جانے والی ایک کشتی کے الٹ جانے کی وجہ سے اس میں سوار کم از کم 30 افراد کے مارے جانے کا اندیشہ ہے۔بہاما کی سیکورٹی فورس کے ترجمان لفٹننٹ اوریجن ڈیلیواکس نے اس حادثہ میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔امریکی بچاؤ ٹیم کے ساتھ فو ج اور پولیس کی بچاومہم اب بھی جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی لاشیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشتی الٹنے کی وجہ سے کافی لوگ پانی میں گرگئے اور کئی افراد نے پلٹی ہوئی کشتی پر چڑھ کر کسی طرح اپنی جان بچائی۔غالباً کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوارہونے کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔