لکھنؤ ۔ ( بیورو)اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پولیس کی شبیہ اور طریقہ کار کو عوام کے مفاد میں مزید بہتر بنائے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا براہ راست رشتہ عوام کی تکلیفوں اورپریشانیوں سے ہے انہوں نے کہا کہ ان تکلیفوں سے نجات کیلئے عوام پولیس کی طرف دیکھتے ہیں جس پر اسے پورا اترنا ہوگا انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے میں پولیس کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظم ونسق کے محاذ پر ایسا کام کیاجائے جس سے عوام کا اعتماد پولیس پر ہو ۔وزیراعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری قیام گاہ کالی داس مارگ پر پولیس ہفتہ کے اختتام پر منعقد عشائیہ کے موقع پر ریاست کے آئی پی ایس افسران کو خطاب کر رہے تھے اس موقع پرافسران کے مطالبات کے سلسلے میں انہوں نے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل کئے جانے کااعلان کیا ۔